دمشق،13جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)شام میں مقامی کارکنان کے مطابق روسی طیاروں نے منگل کی شام اردن کی سرحد کے نزدیک واقع میدانی علاقے بادیہ الحماد میں قتل و غارت کا بازار گرم کر دیا جس عورتوں اور بچوں سمیت درجنوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔کارکنان نے بتایا کہ روسی طیاروں نے بے گھر افراد کے کیمپ کو سات سے زیادہ فضائی حملوں کا نشانہ بنایا جن میں کلسٹر راکٹوں کا استعمال شامل ہے۔ حملے میں ابتدائی رپورٹ کے مطابق 15افراد جاں بحق اور 40سے زیادہ زخمی ہو گئے۔مذکورہ کیمپ میں شام کے مشرقی علاقے سے تعلق رکھنے والے 350سے زیادہ خاندان مقیم ہیں۔ یہ شام اور اردن کے درمیان سرحدی پشتے کے بیچ واقع ہے۔